اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو’عالمی یوم قدس‘کے موقع پر مجلس علمائے ہند کی جانب سے فلسطین کی آزادی ،قبلۂ اول کی بازیابی ،غزہ ،لبنان اور یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور اسرائیل و امریکہ کی دہشت گردی کے خلاف نماز جمعہ کے بعد مولانا کلب جواد نقوی کی رہنمائی میں آصفی مسجد میں احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ اول مولانا کلب جواد نقوی کی اقتدار میں نماز اداکی گئی ،اس کے بعد نمازی بڑی تعداد میں احتجاج کرتے ہوئے بڑے امام باڑے کے چبوترے پر جمع ہوئے ۔اس دوران مظاہرین نے فلسطین کی آزادی اور قبلۂ اول کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے آیت اللہ خامنہ ای کی مظلومانہ شہادت کو یاد کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کے خلاف ’مردہ باد‘ کے نعرے لگائے ۔مظاہرین نے مشترکہ طورپر ایران کے نو منتخب رہبر انقلاب آیت اللہ العظمیٰ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدید عہد بھی کیا۔مظاہرے کے اختتام پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو کی تصاویر کو نذرآتش کرکے مظاہرین نے اپنے غم وغصے کا اظہار کیا۔مظاہرے میں بڑی تعداد میں مومنین ومومنات نے شرکت کی۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری امام جمعہ مولاناکلب جواد نقوی نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ اور فلسطین کے عوام پر جتنا ظلم کیااس کی نظیر اس صدی میں نہیں ملے گی ۔اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مجرم ہے مگر افسوس دنیا خاموش تماشائی ہے ۔مولانا نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ نے ہمیشہ دہشت گردی کو فروغ دیا۔امریکہ نے ایران میں جس طرح مناب کے ایک اسکول پر حملہ کرکے سینکڑوں بچیوں کو شہید کیااس سے معلوم ہوتاہے کہ حقوق نسواں کے نعرے بلند کرنے والی یہ تمام حکومتیںکھلا فریب دیتی ہیں ۔
مولانا نے کہا کہ افسوس ہمارے ملک بھارت نے بھی معصوم بچیوں کے اسکول پر ہوئے حملے کی مذمت نہیں کی ۔مولانا نے کہا کہ ہمارا سر شرم سے جھک گیا کیونکہ ہندوستانی حکومت نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ کی شہادت پر تعزیت تک پیش نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کو یاد رکھناچاہے کہ امریکہ اور اسرائیل کبھی کسی کے سچے دوست نہیں ہوسکتے ۔یہ انسانیت کے مجرم اور قاتل ہیں۔
مولانا نے کہا کہ ایران نے مسلمان ملکوں میں امریکی اڈوں اور فوجی مراکز پر حملہ کیاہے ۔یہ مسلمان حکومتیں نہیں بلکہ امریکہ اور اسرائیل کی غلام حکومتیں ہیںجنہوں نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مفاد کے خلاف کام کیا ۔لیکن عرب عوام اب بیدار ہوچکے ہیں اور بہت جلد عرب ملکوں میں انقلاب رونما ہوگا۔مولانا نے کہ ٹرمپ نے جنگ تو شروع کردی مگر اب فرار کے لئے راستہ نہیں مل رہاہے۔مولانانے کہاکہ ایران کی قوم کربلا کی پیروہے ،اس لئے وہ کبھی ظالموں کے آگے سر نہیں جھکاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ ایران نے پوری دنیامیں کربلا کو متعارف کروایاہے ۔انہوں نے کہاکہہ ہم دعاکرتے ہیں یوم قدس کے موقع پر یہ آخری احتجاج ہواور آئندہ نماز جمعۃ الوداع بیت المقدس میں اداکی جائے ۔
آپ کا تبصرہ